Add parallel Print Page Options

اچھے اور برے انجیر

24 جب شاہ بابل نبو کد نضر کے بعد، یہوداہ کے بادشاہ یہو یقیم کے بیٹے یہو یاکین کو انکے امراء، کاریگروں اور لوہاروں سمیت قید کر کے بابل کو لے گیا تو، خدا وند نے مجھے انجیر سے بھری دو ٹوکریاں خدا وند کے گھر کے سامنے دکھا یا۔ ایک ٹوکری میں بہت اچھے انجیر تھے۔ وہ ان انجیروں کی طرح تھے جو موسم کے آغاز میں پکتے ہیں۔ لیکن دوسری ٹوکری میں نہایت خراب انجیر تھے۔ ایسے خراب کہ کھا نے کے قابل نہ تھے۔

خدا وند نے مجھ سے فرمایا، “اے یرمیاہ! تم کیا دیکھتے ہو؟ ”

میں نے جواب دیا، “میں انجیر دیکھتا ہوں اچھے انجیر بہت اچھے ہیں۔ اور خراب انجیر بہت ہی خراب ہیں۔ وہ اتنے خراب ہیں کہ کھا ئے نہیں جا سکتے۔”

پھر خدا وند کا کلام مجھ پر نازل ہوا۔ خدا وند اسرائیل کا خدا یوں فرماتا ہے: “میں نے یہوداہ کے کچھ لوگوں کو قیدی بنا کر انکے ملک سے بابل کی سر زمین میں بھیجا۔ وہ لوگ اچھے قسم کے انجیر کی مانند تھے۔ میں ان لوگوں پر رحم کروں گا۔ میں انکی حفاظت کروں گا۔ میں انہیں یہوداہ ملک میں واپس لاؤں گا۔میں انہیں چیر کر نہیں پھینکو ں گا میں پھر انکو آباد کروں گا۔ میں ان کو لگاؤں گا اکھا ڑوں گا نہیں۔ میں انہیں دکھا ؤں گا کہ میں خدا وند ہوں۔ وہ میرے لوگ ہوں گے اور میں انکا خدا ہوں گا۔ میں یہ کروں گا کیوں کہ وہ پورے دل سے میرے پاس واپس آئیں گے۔

“لیکن شاہ یہوداہ صدقیاہ ان انجیروں کی طرح ہے جو اتنے خراب ہیں کہ کھائے نہیں جا سکتے۔ صدقیاہ اسکے امراء، وہ سبھی لوگ جو یروشلم میں بچ گئے ہیں اور یہوداہ کے وہ لوگ جو مصر میں بستے ہیں ان خراب انجیروں کی مانند ہوں گے۔ “میں ان لوگوں کو سزا دوں گا وہ سزا جو زمین کے سبھی لوگوں کا دل دہلا دیگی۔ لوگ یہوداہ کے لوگوں کا مذاق اڑائیں گے۔ لوگ انکے بارے میں ہنسی کی باتیں کریں گے۔ لوگ انہیں ان سبھی مقاموں پر لعنت بھیجیں گے جہاں انہیں میں بکھیروں گا۔ 10 میں انکے خلاف تلوار، قحط سالی اور خوفناک بیماری بھیجوں گا۔ میں ان پر اس وقت تک حملہ کروں گا جب کہ وہ سبھی مر نہیں جاتے۔ تب وہ آئندہ اس زمین پر نہیں رہیں گے جسے میں نے ان لوگوں کو اور انکے باپ دادا کو دی تھی۔”